عمران خان فارن فنڈنگ کے تحت مسلط کیا گیا مافیا ہے،احسن اقبال

103

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے سب سے بڑا مافیا عمران خان خود ہے، یہ فارن فنڈنگ کے تحت مسلط کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جب سے یہ حکومت برسراقتدار آئی ہے ہر پاکستانی کی گردن پر ایک لاکھ 60 ہزار کا قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے ہمارے 5 سال سے زیادہ قرض اس نے 15 ماہ میں لیا ہے، اس کے عوض حکومت نے عوام کو کیا دیا؟ یہ پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے آئے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ 72 سال میں ایک پاکستانی پر قرض ایک لاکھ 20 ہزار روپے تھا، ایک سال میں 40 ہزار کا قرض ایک پاکستانی پر بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے پاکستان میں کون سا نیا منصوبہ شروع ہوا؟ جو پہلے سے جاری منصوبے ہیں یہ حکومت ان کو بھی مکمل نہیں کر سکی۔ اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت احسن اقبال نے عدالت میں کہاکہ نیب سے پوچھیں کہ سعودی عرب کو باہمی قانونی معاونت کے تحت جو خط لکھا تھا اس کا کیا بنا؟ کتنے ملین ریال ریکور کیے گئے؟ نیب سے میری بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تفصیل معلوم کریں، کیا وہ تمام ٹرانزیکشنز جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے متعلق نہیں؟اس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ باہمی قانونی معاونت کا معاملہ ابھی پراسیس میں ہے، ریفرنس دائر کریں گے جس میں تمام تفصیل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب 20 ماہ سے یہ معاملہ انویسٹی گیٹ کررہا ہے اور ابھی تک ریفرنس بھی دائر نہیں کیا، نیب سے پوچھیں کہ ریفرنس کب تک آجائے گا، اس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ 90 دن کے اندر دائر کردیں گے۔ احسن اقبال کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ 90 روز کی مدت ریمانڈ کے لیے ہے، ریفرنس دائر کرنے کے لیے نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع کردی۔