لندن (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ایچ بلاک میں واقع رہائش گاہ کو پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا گیا، ہجویری ہائوس کی نیلامی پر عدالت نے حکم امتناع جاری کر رکھا تھا، حکم امتناع کے بعد گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، گھر کے 12 کمروں میں بیڈ لگوا دیے گئے ہیں اور اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کے باہر پناہ گاہ کا بورڈ بھی لگا دیا گیا ہے، گھر میں50 بے گھر افراد رہ سکیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون نے کہا کہ آج سے اسحاق ڈار کے گھر کو رہائش گاہ کے طورپر فعال کر دیا جائے گا، رہائش کے لیے 3 کمرے اور مسجد کا ایریا مختص کیا گیا ہے۔ عدالت کی جانب سے گھر کی نیلامی پر حکم امتناع تھا، گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کا کوئی حکم امتنا ع نہیں تھا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ حکم امتناع کی موجودگی میں اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا، گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کو چیلنج کریں گے۔ واضح رہے کہ گھر کی قیمت 17 کروڑ سے زاید ہے، بے گھر افراد اسحاق ڈار کی ہر وہ چیز استعمال کریں گے جو گھر میں موجود ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون نے کہا کہ اسحاق ڈار کے گھر میں 50 افراد کی رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے، 35 مرد اور 15 خواتین رہائش اختیار کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے گھر کی نیلامی پر حکم امتناع لیا گیا تھا لیکن گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کا کوئی حکم امتنا ع نہیں لیا گیا۔