لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کی ریلیوں میں عوام کی بھر پو ر شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔وقت آگیاہے کہ حکمران الفاظ کے ہیر پھیر سے نکلیں اور کشمیر کی آزادی کے لیے قوم کو ٹھوس لائحہ عمل دیں اور عملی اقدامات کیے جائیں ۔ حکومت نے دیدہ دانستہ آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کر کے عوام سے خوشیاں اور مسکراہٹیں چھین لی ہیں ۔ لوگوں کے چہروں پر اداسی اور فکر مندی ہے ۔ وزیراعظم نے قوم کو سبز باغ دکھا کر ملک کو دلدل میں دھکیل دیاہے۔ احتساب کا خواب دکھانے والے عوام کی عدالت میں لاجواب ہوچکے ہیں۔ حکومت کے اختیار میں ہوتا تو لوگوں کے سانس لینے پر بھی ٹیکس لگادیتی ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے حکمرانوں کے خلاف عوام کے غیظ و غضب میں ا ضافہ ہورہاہے ۔ آٹے اور چینی کا بحرن پیدا کر کے عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا ڈالنے والے وزیراعظم کے دائیں بائیں موجود ہیں مگر چوروں کو نہ چھوڑنے اور انہیں گریبانوں سے پکڑ کر عدالتوں کے حوالے کرنے کے دعوے کرنے والے وزیراعظم سب کچھ جانتے ہوئے چپ سادھے بیٹھے ہیں ۔ اپنے ساتھ گپ شپ لگانے والے چند دوستوں کو جمع کر کے بنائی گئی حکومت ملکی مسائل میں اضافہ کر رہی ہے ۔ بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ نوجوانوں میں نشے کی عادت بڑھ رہی ہے ۔ حکومت نے سب سے زیادہ پریشان نوجوانوں کو کیاہے ۔ روزگار اور ملازمتیں دینے کے خواب دکھا کر حکومت لوگوں سے ان کے روزگا ر چھین رہی ہے ۔ اب لڑائی الیکشن کی نہیں رہی بلکہ پاکستان کو بچانے کی لڑائی ہے ۔ ہر محب وطن کو پاکستان کی بقا و سا لمیت کی اس جدوجہد میں حصہ لینا ہوگا۔ احتساب کے نعروں سے ہوا نکل چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کسی ایک شعبے میں بھی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی ۔ حکمرانوں کی ناکامیاں پوری طرح عیاں ہیں ۔ ہر طرف مایوسی اور ناامیدی کے گہرے بادل ہیں ۔ لوگ مستقبل کے حوالے سے سخت پریشان ہیں۔ مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ اب حکومت قومی اداروں کو فروخت کرنے پر کمر بستہ ہو گئی ہے ۔ قوم انتہائی محنت اور کثیر سرمائے سے بنائے گئے قومی ادارے اونے پونے بیچنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا کوئی ایجنڈا ہے نہ پالیسی ۔ وزیراعظم باہرکے دوروں پر زیادہ خوش رہتے ہیں جب ملک میں آتے ہیں تو ان کی ڈپریشن میں اضافہ ہو جاتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ عالمی مالیاتی اداروں کے غلاموں کا ایک ٹولہ ہے جو ہمارے دشمنوں نے ہم پر مسلط کر دیاہے ۔ یہ باطل نظام کے مہرے اور اسٹیٹس کو کے غلام ہیں یہی وہ ٹولہ ہے جس نے انگریزوں سے وفاداری کے عوض جاگیریں لیں ۔ قیام پاکستان کے بعدبینکوں سے قرضے لے کر کارخانے اور فیکٹریاں لگائیں لیکن قرضے واپس نہیں کیے یہی جاگیر دار ، وڈیرے اور سرمایہ دار اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہو کر 70سال سے قوم کی تقدیر سے کھیل رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ملک و قوم کو اس ٹولے سے نجات دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ ملک کو حقیقی اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے اللہ کے عطا کردہ نظام کا نفاذ ضروری ہے ۔ عوام محرومیوں سے نجات چاہتے ہیں تو انہیں نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کی جدوجہد کا ساتھ دینا ہوگا ۔