چند دوستوں کو جمع کرکے بنائی گئی حکومت ملکی مسائل میں اضافہ کررہی ہے،سینیٹر سراج الحق

419

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہےکہ اپنے ساتھ گپ شپ لگانے والے چند دوستوں کو جمع کرکے بنائی گئی حکومت ملکی مسائل میں اضافہ کررہی ہے، قوم کو سبز باغ دکھا کر ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے دیدہ دانستہ آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کر کے عوام سے خوشیاں اور مسکراہٹیں چھین لی ہیں، لوگوں کے چہروں پر اداسی اور فکر مندی ہے، وزیراعظم نے قوم کو سبز باغ دکھا کر ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے، احتساب کا خواب دکھانے والے عوام کی عدالت میں لاجواب ہوچکے ہیں، حکومت کے اختیار میں ہوتا تو لوگوں کے سانس لینے پر بھی ٹیکس لگادیتی ۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے حکمرانوں کے خلاف عوام کے غیظ و غضب میں ا ضافہ ہورہاہے ، آٹے اور چینی کے بحرن پیدا کر کے عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے والے وزیراعظم کے دائیں بائیں موجود ہیں مگر چوروں کو نہ چھوڑنے اور انہیں گریبانوں سے پکڑ کر عدالتوں کے حوالے کرنے کے دعوے کرنے والے وزیراعظم سب کچھ جانتے ہوئے چپ سادھے بیٹھے ہیں

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اپنے ساتھ گپ شپ لگانے والے چند دوستوں کو جمع کر کے بنائی گئی حکومت ملکی مسائل میں اضافہ کر رہی ہے،بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ نوجوانوں میں نشے کی عادت بڑھ رہی ہے، حکومت نے سب سے زیادہ پریشان نوجوانوں کو کیاہے ۔ روزگار اور ملازمتیں دینے کے خواب دکھا کر حکومت لوگوں سے ان کے روزگا ر چھین رہی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اب لڑائی الیکشن کی نہیں رہی بلکہ پاکستان کو بچانے کی لڑائی ہے، ہر محب وطن کو پاکستان کی بقا و سا لمیت کی اس جدوجہد میں حصہ لینا ہوگا۔ احتساب کے نعروں سے ہوا نکل چکی ہے،حکومت کسی ایک شعبہ میں بھی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی، حکمرانوں کی ناکامیاں پوری طرح عیاں ہیں ، ہر طرف مایوسی اور ناامیدی کے گہرے بادل ہیں ،لوگ مستقبل کے حوالے سے سخت پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ، اب حکومت قومی اداروں کو فروخت کرنے پر کمر بستہ ہو گئی ہے ، قوم انتہائی محنت اور کثیر سرمائے سے بنائے گئے قومی ادارے اونے پونے بیچنے کی اجازت نہیں دے گی ،حکومت کا کوئی ایجنڈا ہے نہ پالیسی ، وزیراعظم باہرکے دوروں پر زیادہ خوش رہتے ہیں جب ملک میں آتے ہیں تو ان کی ڈپریشن میں اضافہ ہو جاتاہے ۔

سینیٹر سراج الحقنے کہاکہ یہ عالمی مالیاتی اداروں کے غلاموں کا ایک ٹولہ ہے جو ہمارے دشمنوں نے ہم پر مسلط کر دیاہے، یہ باطل نظام کے مہرے اور اسٹیٹس کو کے غلام ہیں یہی وہ ٹولہ ہے جس نے انگریزوں سے وفاداری کے عوض جاگیریں لیں، قیام پاکستان کے بعد بنکوں سے قرضے لے کر کارخانے اور فیکٹریاں لگائیں لیکن قرضے واپس نہیں کیے یہی جاگیر دار ، وڈیرے اور سرمایہ دار اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہو کر 70سال سے قوم کی تقدیر سے کھیل رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ملک و قوم کو اس ٹولے سے نجات دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے، ملک کو حقیقی اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے اللہ کے عطا کردہ نظام کا نفاذ ضروری ہے ، عوام محرومیوں سے نجات چاہتے ہیں تو انہیں نظام مصطفی کے نفاذ کی جدوجہد کا ساتھ دینا ہوگا ،وقت آگیاہے کہ حکمران الفاظ کے ہیر پھیر سے نکلیں اور کشمیر کی آزادی کے لیے قوم کو ٹھوس لائحہ عمل دیں اور عملی اقدامات کیے جائیں ،۵ فروری یوم یکجہتی کشمیر کی ریلیوں میں عوام کی بھر پو ر شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔