سکھر (نمائندہ جسارت) پولیس کا کچے میں آپریشن جاری، مقابلے کے بعد دو مغوی بازیاب، مغویان کو ڈیڑھ ماہ قبل ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کیا گیا تھا، ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق سکھر پولیس کی جانب سے شاہ بیلو کے کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف شروع کیا گیا آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کے دوران پولیس کے ساتھ ڈاکوؤں کی مڈبھیڑ ہوگئی جس میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے خیرپور سے تعلق رکھنے والے دو مغویان پنجل پھلپوٹو اور فیاض پھلپوٹو کو بازیاب کرالیا جبکہ ڈاکو فرار ہوگئے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کے مطابق دونوں مغویان کو ڈیڑھ ماہ قبل ہنی ٹریپ (خواتین کی آواز) کے ذریعے اغوا کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی سکھر کے مطابق مقابلے کے دوران ڈاک مارٹر گولے بھی فائر کیے گئے۔ پولیس نے کچے میں جاری آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور کمین گاہیں تباہ کردی ہیں اور علاقے میں کئی پولیس چوکیاں بھی قائم کردی گئی ہیں۔ مقابلے کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے اور جلد ان کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔