پاکستان میں اسکواش کا مستقبل شاندار ہے ،خلاء کو جلد پر کیا جائے گا،قمر زمان

179

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان ا سکواش فیڈریشن کے صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسکواش کا مستقبل شاندار ہے، ملک میں اسکواش کا جو خلاء موجود ہے اسے جلد پر کیا جائے گا، ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اکیڈمیاں کام کر رہی ہیں جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور فیڈریشن کے دیگر حکام اسکواش سے لگائو رکھتے ہیں اور وہ ا سکواش کے فروغ و بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عالمی سطح پر نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے امید ہے کہ ملک میں اسکواش کا مستقبل شاندار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح دنیا پر اسکواش کے میدان میں راج کیا اس کے بعد ا سکواش کا جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے جلد پر کیا جائے گا اور ملک میں نوجوان کھلاڑی ابھر کر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے، عالمی سطح پر کوئی بھی پاکستانی 50ویں رینکنگ میں نہیں، انہیں بہتر کارکردگی کی ضرورت ہے، آنے والے دنوں میں ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے سابق عالمی کھلاڑیوں کی زیر نگرانی ملک میں اکیڈمیاں قائم کر رکھی ہیں جس میں جونیئر کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں، ان اکیڈمیوں سے ایسے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جو کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس جس طرح کھلاڑیوں کو تیار کر رہی ہے دوسرے اداروں کو فیڈریشن کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں قمر زمان نے کہا کہ پشاور میں پی ایس اے کے عالمی مقابلے کرانے کیلئے ہم نے بھرپور تیاریاں کر لی ہیں، امید ہے کہ آئندہ ایک دو ماہ تک ہمیں پشاور میں بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی مل جائے گی۔ واضح رہے کہ قمر زمان3 مرتبہ عالمی نمبر ون، 11 مرتبہ عالمی نمبر 2 اور 19 سال تک ا سکواش کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔