کراچی (نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے حکومت کی معاشی پالیسی کے خلاف مارچ سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔ انہوں نے آئی ایم ایف سے معاہدے کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے تحریک انصاف نے آئی ایم ایف بجٹ عوام پر مسلط کیا ہے مہنگائی میں اضافہ ہوگیا۔ ان خیالات کا اظہاربلاول نے کراچی کے علاقے لیاری میں لیاری ایکسپریس وے پر اربن فارسٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزیرسعید غنی،صوبائی وزیرسید ناصرحسین شاہ،سیکرٹری جنگلات عبدالرحیم نے بھی خطاب کیا۔پیپلزپارٹی کراچی کے سیکرٹری جنرل جاوید ناگوری،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات آصف خان بھی تقریب میں شریک تھے۔بلاول کا کہنا تھا کہ اربن فاریسٹ منصوبے کی تکمیل سے کراچی میں نئی تاریخ رقم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام دشمن بجٹ پی ٹی آئی کا نہیں آئی ایم ایف کا ہے، جس سے بے روزگاری اور مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، ہمیں آئی ایم ایف سے عوام دشمن پیکیج نہیں چاہیے، حکومت آئی ایم ایف سے دوبارہ مذاکراتکرے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں فلاحی نہیں عوام دشمن ہیں، اس حکومت نے غریب عوام کو دیا کچھ نہیں صرف چھینا ہے، اس دور حکومت میں غربت اوربیروزگاری میں اضافہ ہوا، پی ٹی آئی نے عوام کے معاشی حقوق چھین لیے، سندھ کو این ایف سی میں پورا حصہ نہیں دیا جارہا ہے، این ایف سی میں 140 ارب سندھ کو کم ملے۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے ڈیڑھ سال میں لوگوں کو ناصرف بے روزگارکیا بلکہ انہیں گھر دینے کے بجائے بے گھرکر دیا، ایک سال میں تبدیلی حکومت نیایک لاکھ گھرگرائے، حکومت کی پالیسی عوام دشمن معاشی پالیسی ہے، ہم عوام کے حقوق کا دفاع کریں گے اور مارچ سے پورے ملک میں حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد شروع کی جائے گی۔