اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر وزارت خارجہ پوری طرح وزیراعظم کو سپورٹ نہیں کرسکی۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خواتین اور بچوں کے عالمی فورمز پر کشمیر کے مظالم اٹھانے چاہئیں ،جنرل اسمبلی سے 5 اگست کے بعد کی صورتحال پر ایڈوائزری قرارداد لینی چاہیے، اقوام متحدہ قرار دے چکی ہے کہ متنازع حصے کی حیثت نہیں بدلی جاسکتی، ہمیں مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی امن فورس کی تعیناتی کا مطالبہ کرنا چاہیے، ہماری طرف اقوام متحدہ کی امن فورس موجود ہے۔
شیریں مزاری نے وزیر خارجہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ پوری طرح وزیراعظم کو سپورٹ نہیں کرسکی جبکہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کو بہت آگے لے کر گئے ہیں، وزارت خارجہ پوری طرح وزیراعظم کو سپورٹ نہیں کرسکی، وزیر خارجہ کو وزیراعظم کے وژن کے مطابق بہت کچھ کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سیاست کرے مگر کشمیر پر سیاست نہ کرے۔
شیریں مزاری نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کررہی ہے، بھارت کشمیریوں پر جو سلوک کررہا ہے اس کی تشہیر کرنی چاہیے، اس حکومت نے دنیا سے منوایا ہے کہ مودی ظالم ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے آر ایس ایس اور نازی ازم کی سوچ بے نقاب کی، وزیراعظم نے مودی کو جدید دور کا ہٹلر قرار دیا، مودی کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے رکھا گیا۔