کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے پولیس لائن میں گیس کے اخراج کے باعث دو پولیس اہلکاروں کے سرکاری گھر تباہ ہوگئے ، دو بچے جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے گلستان روڈ پر واقع پولیس لائن میں پولیس حوالدار محمد یقین کے سرکاری کوارٹر میں گیس کے اخراج کے باعث زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں یقین کا سرکاری کوارٹر اور اس سے ملحقہ دوسرا کوارٹر تباہ ہوگئے۔ ملبہ تلے دب کر حوالدار یقین کے دو بچے دو ماہ کا ارحم اور دو سالہ سارم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اڑتیس سالہ محمد یقین ،اہلیہ ،ان کا بھائی تیس سالہ محمد خان، ہمسائیہ نصر اللہ اور اس کا بیٹا رحمت اللہ زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو بولان میڈیکل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ہمسائیہ نجیب اللہ نے بتایا کہ واقعہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی غفلت کے باعث پیش آیا ۔ متاثرہ گھروں کے قریب سیوریج لائن بچھانے کیلئے کھدائی کی گئی اس دوران گیس پائپ لائن کو بھی نقصان پہنچا۔ تین مختلف مقامات سے گیس کا اخراج ہورہا تھا جس پر سوئی سدرن گیس کمپنی سے شکایت کی گئی انہوں نے گیس پائپ لائن کی دو مقامات کی مرمت کرلی اور تیسرے مقام کو ایسے ہی چھوڑدیا اور اگلے روز صبح کو گیس پائپ لائن کے اسی مقام سے خارج ہونے والی گیس کے نتیجے میں دھماکا ہوا۔