غیرقانونی بھرتی:راجا پرویز اشرف سمیت9ملزمان بری

131

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کو گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں باعزت بری کر دیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب)نے 2016ء میں راجا پروزاشرف کے خلاف گیپکو میں 437افراد کو غیر قانونی بھرتیوں کے حوالے سے کیس دائر کیا تھا۔ راجا پرویز اشرف کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہوتے رہے۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کے ساتھ ساتھ 8 افسروں کو بھی بری کردیا گیا ۔ ان 8 افسروں میں سابق ایم ڈی گیپکو طاہر بشارت چیمہ، سیکرٹری شاہد رفیع، ڈائریکٹر محمد سلیم ‘ سی او محمد ابراہیم، ڈائریکٹر ایچ آر حشمت علی بھی شامل ہیں۔راجا پرویز اشرف نے عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج انصاف مل گیا ہے۔ ایسے مقدمے میں بری ہوا جس کا کوئی سر پاؤں ہی نہیں ہے۔ واضح رہے 29 جنوری کو لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف پیپکو اورگیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں ملزمان کی بریت کی درخواست پر وکلا کوحتمی دلائل کے لیے طلب کیا تھا۔ احتساب عدالت کے امجد نذیر چودھری نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی حکم پرنیب نے مکمل جواب جمع کرا دیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ نیب ترمیمی آرڈنینس کا اطلاق پرانے کیسز پر نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ راجا پرویز اشرف نے سیاسی فائدے کے لیے غیر قانونی بھرتیاں کیں۔ عدالت راجا پرویز اشرف کی بریت کی درخواست پہلے ہی مسترد کرچکی ہے۔