اسلام آباد( آن لائن )اسلام آبادہائی کورٹ نے ایل این جی کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کرتے جواب طلب کر لیا۔شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بیرسٹر ظفراللہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنی پرویز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو10فروری تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیب آئندہ سماعت سے قبل جواب جمع کرا کر ایک کاپی پٹیشنر کو فراہم کرے۔ علاوہ ازیںاسی عدالت نے ناروال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ کیس میں احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ احسن اقبال کے وکیل طارق جہانگیری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔احسن اقبال جوڈیشنل ریمانڈ پر اس وقت اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل ہیں، انہوں نے اپنے وکیل طارق جہانگیری کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت سے قبل جواب جمع کرا کر کاپی پٹیشنر کو فراہم کریں۔ عدالت نے نیب کو10فروری تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی ۔