حکومت نے قوم کے بعد اتحادیوں کے ساتھ بھی ہاتھ کردیا ہے، جاویدقصوری

522

امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت نے قوم کے بعد اتحادیوں کے ساتھ بھی ہاتھ کردیا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت کمزور بیساکھیوں پر کھڑی ہے جو حکمران اپنے وزراء اور اتحادیوں کے تحفظات دور نہیں کرسکتے وہ ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل کیسے نکال سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کے خلاف ہر شہری پریشان ہے۔ کابینہ اجلاسوں میں مہنگائی میں اضافے کا نوٹس لینے والے وزیرا عظم خود ہی سمریوں پر دستخط کرتے ہیں، حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا کوئی معاشی پلان نہیں، ملک کو ٹونے ٹوٹکے پر چلانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، حکمرانوں کے مہنگائی کنٹرول میں لانے کے حوالے سے فرمان قوم کے ساتھ مذاق کے علاوہ کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اپنے اعدادو شمار کے مطابق ایک سال کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں 78فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے اور اس میں کمی کی کوئی امکان نظر نہیں آتا،ملک میں مہنگائی کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والے صنعتیں بند کرکے عوام کو بے روزگار بنارہے ہیں۔