بلدیہ کی بد انتظامی سے لاڑکانہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

319

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں بلدیاتی نظام کو چار سال مکمل ہونے کے باوجود شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور گٹروں کے پانی سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا ہے جبکہ میونسپل انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، گزشتہ روز مراد واہن اور کچھی محلہ کے مکینوں نے کئی ماہ سے صفائی ستھرائی اور گٹروں کے گندے پانی کی عدم نکاسی کیخلاف مراد واہن روڈ پر ٹائر نذر آتش کرکے دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، مظاہرین نے میئر اور یوسی چیئرمین کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر علی رضا ابڑو، جاوید شیخ، فہد ابڑو، ذوالفقار جتوئی و دیگر کا کہنا تھا کہ میونسپل انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث کئی ماہ سے ہمارے علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ گٹروں میں موجود گندا پانی باہر نکل کر دکانوں اور گھروں میں داخل ہونا شروع ہوگیا، جس کے متعلق متعدد بار میئر خیر محمد شیخ اور یوسی چیئرمین ایڈووکیٹ اصغر کچھی کو شکایتیں کرچکے ہیں لیکن وہ مسائل حل کرنے کے لیے تیار نہیں، جس کے باعث ہم گندگی اور بدبو میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں جبکہ علاقے میں کاروباری سرگرمیاں بھی ماند پڑگئی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ بلدیہ کے صوبائی وزیر و دیگر سے اپیل کی کہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بناکر گندے پانی کی نکاسی کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔