مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگیاں مشکل میں ہیں، اسد عمر کا اعتراف

154

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگیاں مشکل میں ہیں، مہنگائی کا جتنا احساس آپ کو ہے اس سے زیادہ وزیراعظم کو ہے۔اسلام آباد میںاوور ہیڈ برج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تمام مافیا مل کر ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کررہے ہیں، عمران خان نے کرپشن کے خلاف جہاد کیا ہے، اسی طرح وہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جہاد کے لیے تیار ہیں۔اسد عمرکا کہنا تھاکہ دیہی علاقوں میں گلیاں پکی نہیں، صاف پانی اور صفائی کا انتظام نہیں ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان میں غربت کی بڑی وجہ صحت کا ناقص نظام ہے، لوگ قرض لے کر علاج کراتے ہیں، غریب خاندانوں کو صحت کارڈ سے 7لاکھ 20ہزار کی سالانہ سہولت دی گئی ہے۔علاوہ ازیں ٹویٹر پر اپنے بیان میں اسد عمرنے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہیں بڑھانے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں ، اگر خزانے میں گنجائش ہے تو اس کو عوام پر بوجھ کم کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔ ان حالات میں بالکل بھی مناسب نہیں کے عوامی نمائندے اپنی مراعات میں اضافہ کریں ۔