کشمیر سے متعلق عالمی سطح پر کامیابیاں مل رہی ہیں، مراد سعید

172

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے حوالے سے کامیابیاں مل رہی ہیں اور کشمیریوں کو ان کی خواہشات کے مطابق حق خودارادیت ملے گا، 5 فروری کو پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے گی، پاکستان کا ہر بچہ کشمیر کاز کو آگے لے کر جائے گا، کشمیر کے حوالے سے تمام پاکستانی متحد ہیں چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہے۔ اتوار کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عالمی سطح پر کشمیریوں کا بطور سفیر مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے واضح ہوچکا ہے جس کیلیے پاکستان نے کردار ادا کیا ہے، پورے پاکستان کے لوگ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کھڑے ہیں، طویل عرصے بعد اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی ہے جو کہ پاکستان کی کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 فروری کو پوری پاکستانی قوم، بچے، بڑے، اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کشمیریوں کو ان کی قربانیوں کے حوالے سے خراج تحسین پیش کریں گے اور کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ملک بھر سمیت کشمیر میں بھی مختلف پروگرام ترتیب دیے ہیں تاکہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر جو ظلم ڈھائے جا رہے ہیں ان کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکا جاکر وزیرستان کے لوگوں کے امن پسند چہرے کی تصویر پیش کردی ہے، وزیراعظم قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی کیلیے پرعزم ہیں اورشمالی وزیرستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا، وزیرستان میں آپریشن کے دوران ہونے والے تاجروں کے نقصان کو پورا کیا جائے گا۔ شمالی وزیرستان میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں بنائی جارہی ہیں، صاف پانی کے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں، آپریشن سے متاثرہ تاجروں کی مدد کیلیے حکومت پرعزم ہے۔