سابق وزیراعظم و مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کیس میں درخواست ضمانت دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا، انہوں نے بیرسٹر ظفر اللہ کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے 18جولائی کو گرفتار کیا اور 10 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رہا، 11 اکتوبر سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہوں یعنی درخواست ضمانت دائر کرتے وقت 191 دن حراست میں گزار چکا ہوں۔
درخواست کے مطابق میں نے کوئی جرم کیا اور نہ ہی جرم میں کسی کی معاونت کی لیکن نیب کی جانب سے عدالت میں محض ایک عبوری ریفرنس دائر کیا گیا جس کی کاپی بھی فراہم نہیں کی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایل این جی کا سارا ریکارڈ حکومت اور نیب کے پاس موجود ہے اور آئندہ تاریخ سماعت 4 فروری ہے لہٰذا نیب ریفرنس میں ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔