عمران نیازی آٹا اور چینی چوروں سے تحفے اور مفاد لینا بند کریں،شہباز شریف

381

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک+خبرایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نیازی کو چاہیے کہ وہ آٹا اور چینی چوروں سے تحفے اور مفاد لینا بند کردیں۔گندم وآٹا بحران پر ذمے داران کے تعین کا مطالبہ کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم نے خود اعتراف کیا کہ انہیں آٹے کی قیمت پر گمراہ کیا گیا، تلاش کیا جائے کہ درست تخمینے کے بجائے گندم کی پیداوارکس نے بڑھا چڑھا کر پیش کی؟اور وزارت خوراک کی مخالفت کے باوجود ای سی سی نے گندم باہر بھجوانے کی اجازت کیوں دی؟ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی کو چاہیے کہ آٹا اور چینی چوروں سے تحفے اور مفاد لینا بند کردیں اور قوم کو بتایا جائے کہ قیمت میں اضافے، آٹا اور گندم کی ذخیرہ اندوزی سے فائدہ اٹھانے والے کون ہیں؟پنجاب اور وفاقی حکومت کی آنکھیں اس وقت کیوں بند تھیں جب مقامی مارکیٹ کا آٹا اسمگل کیا جارہا تھا ؟