حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

122

لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے مختلف نیب کیسز میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14روز کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت میں نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے خلاف مختلف نیب کیسز کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے منی لانڈرنگ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز جبکہ چودھری شوگر ملز کیس میں ان کے کزن یوسف عباس کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 فروری تک توسیع کر دی جبکہ چودھری شوگر ملز کیس میں یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 14 روز کی توسیع کر دی۔نواز شریف کی وکیل کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست عدالت میں جمع کروا ئی گئی تاہم نیب کی جانب سے نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس جمع نہ کرائے جانے پر اعتراض کیا گیا۔ عدالت نے آشیانہ کیس کی سماعت بھی 14فروری تک ملتوی کر دی۔