پنجاب اپنے حق پر ہی سو جائے تو عدالت کیا کر سکتی ہے، چیف جسٹس گلزار

370

لاہور (نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ نے پنجاب حکومت کو تاخیر سے اپیل دائر کرنے کے ذمے دار محکمہ آبپاشی کے افسروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ حکومت اگر اپنے حق پر ہی سو جائے تو عدالت عظمیٰ کیا کرسکتی ہے۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے لاہور رجسٹری میں محکمہ آبپاشی کی اپیل پر سماعت کی۔اس دوران انکشاف ہوا کہ محکمہ آبپاشی نے ہائیکورٹ کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں تاخیر سے دائر کی ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے پنجاب حکومت کو انٹرا کورٹ اپیل دائر تاخیر سے دائر کرنے کے ذمے دار افسروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو حکم دیا کہ صوبائی حکومت قانون کے مطابق ذمے دار افراد کیخلاف کارروائی کرے، ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے جج نے غلط آرڈر جاری کر کے قانون کی دھجیاں اڑا دیں، محکمہ آپباشی نے جان بوجھ کر ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے خلاف اپیل تاخیر سے دائر کی۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ حکومت اگر اپنے حق پر ہی سو جائے تو عدالت عظمیٰ کیا کرسکتی ہے۔