شاہد خاقان نے نیب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا، ختم کرنے کا مطالبہ

205

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیااور اسے ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا کارخانہ ہے،ملک تباہ کررہا ہے ، شہزاد اکبر 2 نمبر آدمی ہیں ،آٹے چینی کے بحران کی وجہ حکومتی کرپشن ہے، پی ٹی آئی مفاد پرستوں کو جوڑ کر بنائی گئی،دھڑے بندیاں تو ہوںگی،(ن)لیگ سے میرے کوئی اختلافات نہیں۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نیکہا کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا کارخانہ ہے،ملک تباہ کررہا ہے۔انہوں نے شہزاد اکبر کو2 نمبر آدمی قرار دیتے ہوئے دولت کا حساب دینے کا مطالبہ بھی کردیا۔(ن)لیگی رہنما نے کہا کہ ڈیڑھ سال ہو گیا ہے لیکن کیس ہی نہیں بن سکا،مجھے کوئی تکلیف نہیں،ضمیر مطمئن ہے۔شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ آٹے چینی کے بحران کی وجہ حکومتی کرپشن ہے، پی ٹی آئی مفاد پرستوں کو جوڑ کر بنائی گئی ہے ، جب مفادپرستوں کے مفاد پورے نہیں ہوںگے تو پھر دھڑے بندیاں تو ہوں گی ۔ شاہد خاقان عباسی نے (ن) لیگ سے اختلافات کی خبروں کی بھی تردید کردی اور کہاکہ(ن)لیگ سے میرے کوئی اختلافات نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کی تضحیک کرنا نیب کا شیوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں ملک کا سابق وزیر اعظم ہوں ،مجھ سے تحقیقات کو ڈیڑھ سال ہو گیا ہے لیکن ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر نیب میرے اوپر کوئی مقدمہ نہیں بنا سکا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات یہیں ختم نہیں ہو گی،میں چیئرمین نیب،کیس افسروں اور آئی اوز سے پوچھوں گا کہ وہ کیا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیب کی گزشتہ20 سالہ تاریخ کو دیکھیں تو صرف یہ سیاسی انجینئرنگ کا کارخانہ نظر آتا ہے ۔