ہماری حکومت نے 22کروڑ عوام کو “رونا وائرس” کا شکار کردیا ہے،سراج الحق

408

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت نے 22کروڑ عوام کو رونا وائرس کا شکار کردیا ہے، رونا وائرس کا ایک ہی علاج ہے کہ ملک کو کرپشن فری بنایا جائے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک طرف دنیا کرونا وائرس سے پریشان ہے اور دوسری طرف ہماری حکومت نے 22کروڑ عوام کو رونا وائرس کا شکار کردیا ہے،حکمرانوں کو سوچنا چاہیے کہ ملک میں ٹڈی دل کا حملہ رونا وائرس کا شکار عوام کی بددعاؤں کا نتیجہ تو نہیں ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ عوام کرپشن ،مہنگائی ،بے روز گاری اور غربت کی وجہ سے رو رہی ہے،رونا وائرس کا ایک ہی علاج ہے کہ ملک کو کرپشن فری بنایا جائے،ٹیکس بڑھانے اور معیشت ٹھیک کرنے کیلئے ڈھونڈ ڈھونڈ کر لائےگئے وہ لوگ بھی ناکام ہوکر بھاگ رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر قرض لینا ملک کو گروی رکھنے کے مترادف ہے،اگر بھکاریوں پر بھی ٹیکس لگا دیا جائے تو آئی ایم ایف کے مطالبات پورے نہیں ہوسکتے،حکومت کچھ دینے کی بجائے عوام کے کپڑے بھی اتارنے پر تلی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم شاید معیشت کی الف ب سے بھی واقف نہیں ان کی ہر تجویزبچگانہ ہوتی ہے، آئی ایم ایف جو کہتا ہے یہ اسے آنکھیں اور کان بند کرکے مان لیتے ہیں،حکومت اٹھارہ ماہ بعد بھی خود کچھ کرنے کی بجائے معیشت کی زبوں حالی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری کا سارا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال رہی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کو نارمل نہیں کہا جاسکتا ،حکمران جو بھی قدم اٹھاتے ہیں وہ ملک وقوم کے مسائل میں اضافہ کا باعث بن جاتا ہے،کرونا وائر س کے پھیلنے پر ہم قوم کی طرف سے چین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت چین میں پھنسےہوئےپاکستانی طلبا کے والدین کے ساتھ خود ہی رابطہ رکھے،طلبا کے حوالے سے معلومات کے لئے فوری طور پر سینٹر قائم کیا جائے اور پاکستانی سفارت خانے کو پابند کیا جائے کہ وہ طلباءسے رابطہ رکھے اور انہیں اخراجات کیلئے مدد دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاﺅ کی تدابیر ،تشخیص اور علاج کے حوالے سے بھی سینٹرز قائم کئے جائیں اور چین سے بھی مسلسل رابطہ رکھاجائے تاکہ علاج اور وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے جو بھی نئے اقدامات ہوں ان سے فائدہ اٹھایا جاسکے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 5فروری کوپوری قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے گی،کشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں،کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،حکمران ابھی تک کشمیر کی آزادی اور کشمیر یوں کو بھارتی ظلم و جبر اور درندگی سے بچانے کیلئے کوئی واضح لائحہ عمل نہیں دے سکے،جس طرح اقوام متحدہ اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اسی طرح ہمارے حکمران بھی چپ سادھے بیٹھے ہیں ۔