اسلام آباد (اے پی پی) نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس انکوائری میں گرفتار سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیاہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احسن اقبال پر رشوت یا غیر قانونی فائدہ حاصل کرنے کا نہیں بلکہ صوبائی معاملے میں مداخلت کا الزام ہے، سابق وفاقی وزیر نے کبھی بھی نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا اور نہ ہی اب تک کوئی ریفرنس دائرکیاگیا ہے، گزشتہ برس 19 دسمبر کو احسن اقبال شامل تفتیش ہوئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ درخواست میں عدالت سے احسن اقبال کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔