اسلام آباد(اے پی پی)عدالت عظمیٰ نے افغانستان کو برآمد کی گئی چینی روکنے کے حوالے سے کسٹمز کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 15دن میں ضبط شدہ چینی واپس کرنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف حکم امتناع جاری کردیا ۔عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف محکمہ کسٹمز کی اپیل پرسماعت کی ۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے استفسار کیا کہ کسٹم والوں نے کس قانون کے تحت چینی کے کنٹینرکو روکا اور برآمد کی جانے والے چینی کا معیار کس قانون کے تحت دیکھا جاسکتا ہے؟ ۔ کسٹمز کے وکیل نے کہا کہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے رولز کسٹمز کو انسپکشن کا اختیار دیتے ہیں ، جس کے تحت مضر صحت اشیاء کو ضبط بھی کیا جاسکتا ہے ، افغانستان کو بھجوائی جانے والی چینی غیر معیاری تھی ۔امپورٹرز کے وکیل نے بتایا کہ بھارت سے چینی کے 354کنٹینر درآمد کیے جو افغانستان برآمد کیے جانے تھے، کسٹمز نے 98 کنٹینر بغیر کسی اعتراض کے جانے دیے اور 262 روک لیے جس سے مالی نقصان ہو رہا ہے ۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظورکرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کا حکم معطل رہے گا ۔ سماعت 13 فروری کو ہوگی۔