حکومت اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے میں مخلص ہے، چودھری شجاعت

167

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے میں مخلص ہے، عہدوں یا وزارتوں کی ضرورت نہیں، ملک کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس کے موقع پر چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے توانائی چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر زمرک خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ مخلص اور نیک نیتی کے ساتھ چل رہے ہیں، ہمیں عہدوں یا وزارت کی ضرورت نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک معاشی طور پر مضبوط ہوگا تاکہ ملک پر چھائے مہنگائی کے بادل چھٹ جائیں اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے میں مخلص ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، انہوںنے ہمیشہ جوڑنے کی بات کی ہے اور ہر مشکل مرحلہ پر اپنی مثبت تجاویز سے حل ڈھونڈ نکالا ہے۔