سکھر(اے پی پی)سندھ ہائی کورٹ سکھر ڈویژن بینچ نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میںپی پی رہنما خور شید شاہ کی جانب سے ضمانت کی دائر درخواست کی سماعت کی۔ڈویژنل بینچ کے جسٹس امجد علی سہتو اورجسٹس ذوالفقار علی سانگی نے سماعت کی۔ عدالت نے سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔خور شید شاہ کے علاوہ ریفرنس میں نامزد لوگوں نے بھی ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ خور شید شاہ کے علاوہ تمام لوگوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی ہے۔خورشید شاہ سمیت 18 لوگوں کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس دائر ہے۔خورشید شاہ جو آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں نیب کی جانب سے حراست میں ہیں ان کے وکلا کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ کراچی میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دی گئی تھی تاہم سندھ ہائی کورٹ کراچی نے درخواست سکھر بینچ منتقل کر دی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خورشید شاہ امراض قلب میں مبتلا ہیں لہٰذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔نیب سکھر کی جانب سے خورشید شاہ سمیت 18 افراد پر ریفرنس بھی دائر کیا جاچکا ہے۔