صوابی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ‘ 2لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق

253

پشاور،صوابی (صباح نیوز+اے پی پی )صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق ہوگئیں۔پولیس کے مطابق 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے روز صوابی کے علاقے پرمولی میرعلی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بچوں کو پولیو سے بچا ئو کے قطرے پلا رہی تھیں کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے لیڈی ہیلتھ ورکر شکیلہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ غنچہ نامی لیڈی ہیلتھ ورکر زخمی ہوگئی جسے فوری طور پرطبی امداد کے بعد پشاور کے اسپتال بھجوادیا گیا۔بعد ازاں اسپتال میں دوران علاج وہ بھی دم توڑ گئی۔فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)مردان میں درج کرلیا گیا ہے جس میں قتل،اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔پولیس کے مطابق سیکورٹی پر موجود 2 پولیس اہلکاروں سے تحقیقات کی جارہی ہیں کہ انہوں نے جوابی کارروائی کیوں نہیں کی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے۔دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا ثنااللہ عباسی نے پولیو ٹیم پرحملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو معطل کر دیا ہے۔ثنااللہ عباسی نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیم پرحملے میں ملوث دہشت گردوں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کا کہنا تھا کہ ضلعے میں انسداد پولیو مہم بدستور جاری ہے۔