اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کہیں تو ابھی استعفا دے دوں گا، چیف جسٹس نے ریلوے کی بہتری اور بھلائی کیلیے احکامات دیے ہیں، چیف جسٹس کی ہدایت پر ریلوے آگے بڑھے گا، آڈٹ رپورٹ 2013ء سے 2017ء تک کی ہے، ہمارے دور کی رپورٹ جمع کرائی گئی تو اعتراضات کا جواب دیں گے۔ منگل کو عدالت عظمیٰ میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج چیف جسٹس نے ریلوے کی بہتری اور بھلائی کیلیے احکامات دیے ہیں، چیف جسٹس کی ہدایت پر ریلوے آگے بڑھے گی، ہمیں 15 دن کا نوٹس دیا گیا ہے، چیف جسٹس نے ہدایت دی ہے کہ ایم ایل ون پر فی الفور ٹینڈر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں قوم کا درد عدلیہ کو بھی ہے، ساری قوم کی پریشانی کا بھی عدالت کو احساس ہے، عدالت کے مشکور ہیں۔