حکومت کو خستہ حال معیشت ورثے میں ملی، اسد قیصر

267

اسلام آباد( آن لائن ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت کو خستہ حال معیشت ورثے میں ملی جسے بہتر کرنے کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں ، قومی مسائل کے حامل معاملات پر قانون سازی پارلیمنٹ کی ذمے داری ہے، سی پیک پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کے راہیں کھلیں گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی فدا محمد نوشاد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت قانون سازی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اسد قیصر نے کہا کہ ملک معاشی مسائل کا شکار ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے ہیں۔حکومت کو خستہ حال معیشت ورثے میں ملی جسے بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔قومی مسائل کے حامل معاملات پر قانون سازی پارلیمنٹ کی ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین میں راوبط سے قانون سازی اور تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔