اسلام آباد/ کوئٹہ (نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک) راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں آج بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان، اس دوران سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بلوچستان میں بھی 2 روز کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا تاہم ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، چترال، دیر، ملاکنڈ، سوات اور پشاور میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے، اس دوران مری اور گرد و نواح میں برف باری کی بھی توقع ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ علاوہ ازیں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے اضلاع میں بارش ہوئی۔ مری اور قلات میں برف باری بھی ریکارڈ کی گئی جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ منگل کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت اسکردو منفی18، بگروٹ، پارا چنار منفی 11، گوپس، کالام، استور منفی 10، مالم جبہ منفی04، گلگت اور قلات میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کوئٹہ میں 7، قلات 4 اور بارکھان میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔