شیخ رشید ریلوے کی وزارت سے استعفی دیں ، تاجر الائنس

159

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئر مین کراچی تاجر الائنس و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ شیخ رشید فوری طور پر ریلوے کی وزارت سے استعفی دیں کیونکہ وہ اس قابل نہیں ہیں کہ ایک قومی ادارے کے وزیر بن کر اس کے معاملات کو چلا سکیں اور سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد تو شیخ رشید کو اخلاقی طور پر ریلوے کی جان چھوڑ دینی چاہیے، بلکہ شیخ رشید کو سیاست چھوڑ کر نجومی کی دوکان کھول لینی چاہیے ، ان خیالات کااظہارانہوں نے کراچی تاجر الائنس کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ ریلوے میں اس وقت کرپٹ لوگوں کی اجارہ داری ہے اور ریلوے کا سارا نظام سیاسی انداز میں چلایا جارہا ہے ، نئی ٹرینیں چلانے سے بہتر ہے کہ جو ٹرینیں موجود ہیں اور چل رہی ہیں ان کو بہتر کیا جائے اور ریلوے کے پورے نظام کو بہتر کیا جائے، انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت شیخ رشید کے بس کی بات نہیں ہے کیونکہ نہ تو انہوں نے کبھی عوامی خدمت کی اور نہ ہی کبھی عوام کے ساتھ سچ بولا ہے، گزشتہ دنوں ریلوے میں آتش زدگی میں نہ جانے کتنے لوگ جان کی بازی ہار گئے اور اس سانحے نے پوری دنیا کو ہلا کر ردکھ دیا مگر وزیر ریلوے اور وزیراعظم کو کوئی فرق نہیں پڑا، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا بھی علم ہے کہ استعفی کے مطالبے کرنے کے باوجود استعفی نہیں آئے گا کیونکہ شیخ رشید وزیراعظم کے چہیتے وزیر ہیں اور یہی وفاقی حکومت میں چل رہا ہے عوامی خد مت کو ایک جانب رکھ کر اپنے چہیتوں کو وزارتیں دی جارہی ہیں چاہیے وہ کتنا ہی نا اہل کیوں نہ ہو، تاریخ گواہ ہے کہ شیخ رشید نے اس سے قبل بھی ریلوے کو نقصان پہنچایا ۔