آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والے مافیا کا تعلق حکومت سے ہے،سراج الحق

504

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کے ہر فیصلے سے ثابت ہو رہاہے کہ ہر سطح پرایک نہیں دو پاکستان ہیں، اگر آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والے مافیا کا تعلق اپوزیشن سے ہوتا تو اب تک وہ پکڑا جاتا اب چونکہ اس مافیا کا تعلق سرکاری پارٹی اور حکومت سے ہے،اس لیے اب تک اس پر ہاتھ نہیں ڈالا جاسکا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والے مافیا کو خوب جانتے ہیں اور انہیں اپنی بے بسی کا بھی پتہ ہے،حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے، حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا سب سے زیادہ فائدہ مافیاز اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹا اور چینی مافیا کے ساتھ ساتھ لینڈ اور ڈرگ مافیا بھی طاقتور ہوگیاہے،یہ مافیاز حکومتی صفوں میں بیٹھے ہوئے ہیں اور وزیراعظم خود بھی اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں مگر اس پر ہاتھ نہیں ڈالا جارہاہے،اس مافیا کا تعلق اگر حکومت اور حکومتی پارٹی سے نہ ہوتا تو شاید اب تک کئی گرفتار یاں ہوچکی ہوتیں۔ کیا طاقتور مافیا کو اسی طرح غریبوں کا خون چوسنے کی کھلی چھوٹ ملی رہے گی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ غریب جرم کرتاہے تو فوراً پکڑا جاتاہے اور اسے کڑی سزاﺅں کا سامنا کرناپڑتاہے مگر جب طاقتور مافیاز اور بڑ ے جرم کرتے ہیں تو آنکھیں بند کر لی جاتی ہیں،کمزور کو پکڑنے کے لیے حکومت شیر ہو جاتی ہے اور طاقتور مجرموں کے سامنے بھیگی بلی بن جاتی ہے،وزیراعظم کے ایک پاکستان کے نعرے کے غبارے سے بھی ہوا نکل گئی ہے ، کیا طاقتور مافیا کو اسی طرح غریبوں کا خون چوسنے کی کھلی چھوٹ ملی رہے گی۔

انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کےبلدیہ فیکٹری سمیت دیگر اہم مقدمات کے پس پردہ حقائق عوام کے سامنے لانے کے فیصلے کو خو ش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے اور عوام جرائم کی دنیا کے اصل محرکات کو جان سکیں گے۔

امیر جماعت اسلامی  نے کہاکہ قوم بلدیہ فیکٹری کے 260 مزدوروں کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دیکھنا چاہتی ہے،ان مزدوروں کے خاندان یتیم بچے ، بیوائیں اور بوڑھے والدین کو آج تک انصاف نہیں مل سکا ،سندھ اسمبلی کا اس مقدمہ کے حقائق تک عوام کو رسائی دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے ، امید ہے کہ سندھ اسمبلی بارہ مئی ، دس محرم اور بارہ ربیع الاو ل کے سانحات کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے لائے گی ۔