لاڑکانہ ،پرائمری اسکول ٹیچر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

144

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب تحصیل باقرانی کے گاؤں شہداد بروہی میں دو ہفتے قبل زمینی تنازع پر قتل ہونے والے پرائمری اسکول ٹیچر محمد ایوب بروہی کے ورثا بیٹے صدام حسین بروہی نے اپنی والدہ سبحانی، ماموں امام علی بروہی و دیگر کے ہمراہ لاڑکانہ پریس کلب کے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 9 جنوری پر میرے پرائمری اسکول ٹیچر والد بھینس کالونی پرائمری اسکول میں چھٹی کے بعد اپنے گاؤں آرہے تھے تاہم گھر آنے سے قبل بروہی برادری کے بااثر مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا۔ واقعے کا مقدمہ حد کے تھانہ رشید وگن پر درج کیا تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صرف دو ملزمان کوگرفتار کیا، تاہم دیگر ملزمان اس وقت بھی آزاد گھوم کر ہمیں مقدمے سے دستبردار اور صلح کرنے کے لیے پولیس کے ذریعے دباؤ ڈال رہے ہیں، خدشہ ہے کہ والد کا خون رائیگاں جائے گا۔انہوں نے سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ مقتول پرائمری اسکول ٹیچر محمد ایوب بروہی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔