لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) برائٹ ماڈل اسکول کی جانب سے سر شاہنواز بھٹو میموریل لائبریری میں یوم والدین کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی، جس میں مہمان خاص نامور تعلیم دان جام کھوکھر، پروفیسر مختار سموں، ڈائریکٹر ایجوکیشن لاڑکانہ اختر حسین کوریجو، اسکول کے ڈائریکٹر علی گوہر سانگی، پنجل سانگی، پیپلز پارٹی رہنما عبدالفتاح بھٹو، اسکول کے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں طلبہ و طالبات کی جانب سے حب الوطنی اور پاک فوج کو خراج پیش کرنے کے لیے ٹیبلوز پیش کرکے تقاریری مقابلوں میں حصہ لیا جبکہ قومی گیتوں پر رقص کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ بعد ازاں مہمانوں نے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے ٹیبلوز، تقاریر و دیگر مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کو شیلڈ اور انعامات بھی تقسیم کرکے انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر مہمان خاص اور اسکول کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اس قسم کی تقریب کا مقصد والدین کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر توجہ دے کر اسکول کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیں تاکہ ان کے بچے بہتر تعلیم حاصل کرسکیں۔