سیاحتی شعبے کی ترقی کیلیے ویزا پالیسی میں نرمی کردی ہے ‘اسد قیصر

125

اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے اپنیویزا نظام میں نرمی کردی ہے اور عالمی سیاحوں کو آن لائن ویزا جاری کرنے کے لیے ویزا پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے ، برطانیہ کو بھی پاکستانی شہریوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لانی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ،ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات سمیت اہم ریاستی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ویزا مرکز جو اس وقت متحدہ عرب امارات میں ہے کو پاکستان منتقل کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ویزا فیس بہت زیادہ ہے، فیسوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پاکستان سے متعلق ان کے نئی سفری مشورے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے اس ملک کو برطانوی سفارت کاروں اور شہریوں کے لیے فیملی اسٹیشن کے طور پر اعلان کیا۔برطانوی ہائی کمشنر نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان برطانوی شہریوں اور سفارتکاروں کے لیے محفوظ ملک ہے۔