کراچی (اسٹاف رپورٹر ) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کہا ہے کہ سابق جسٹس (ر)فخر الدین جی ابراہیم ایک انتہائی قابل شخصیت تھے اور سینئر وکیل مرحوم اقتدار علی ہاشمی کا شمارملک کے بہترین وکلاء میں ہو تا تھا، ان خیالات کا اظہار انہوں جسٹس( ریٹائرڈ) فخرالدین جی ابراہیم سمیت دیگروکلا اور ججز کے انتقال پر فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں کیا ،اس موقع پر عدالت عالیہ کے ججز،ڈپٹی اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل سندھ ،صدر کراچی بار ،بار کونسل اور سینئر قانون داں اعتزا ز احسن سمیت دیگر بھی موجود تھے ،فل کورٹ ریفرنس سے خطا ب میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ قانو ن کے شعبہ میں جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم سمیت دیگر شخصیات یاد رکھے جائیں گے ،سینئر قانون داں اعتزار احسن کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ان کا فخرالدین جی ابراہیم کے ساتھ بھائیوں جیساتعلق تھا اور وہ ہر وقت قانونی مشوروں کے لیے دستیاب رہتے تھے۔