میرٹ پر کیس دیکھا گیا تو پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائیگا،شاہ محمود

328

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے کہا ہے کہ میرٹ پر اگر پاکستان کا کیس دیکھا گیا تو پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ انہوں نے برطانیہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں کی جانے والی تبدیلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹریول ایڈوائزی میں تبدیلی کا کریڈٹ پوری قوم اور مسلح افواج کو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جسے اللہ تعالیٰ نے انتہائی خوبصورت فطری مناظر سے نواز رکھا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پرتپاک مہمان نوازی اس سرزمین کا خاصہ ہے، مثبت ٹریول ایڈوائزی سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 2015ء کے بعد برطانیہ ٹریول ایڈوائزی کے حوالے سے پہلی بڑی پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزی میں تبدیلی کا کریڈٹ پوری قوم اور مسلح افواج کو جاتا ہے، یہ ایک بڑی پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ سن کر اور جان کر بڑی خوشی ہوئی، میری برطانوی وزیرخارجہ سے بھی اس حوالے سے بات ہوئی تھی، امریکی صدرسے بھی ہم نے اس حوالے سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سعودی عرب ،ترکی اور ملائیشیا سے سیاحت کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سعودی عرب، ترکی اور ملائیشیا سیاحت کے فروغ میں ہماری مدد کریں گے، وزیراعظم نے محمدبن سلمان سے درخواست کی ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے سرمایہ کاری کرے۔