پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو 142رنز کا ہدف

282

لاہور: بنگلادیش نے پہلےٹی 20 میں پاکستان کو جیت کیلئے 142 رنز کا ہدف دے دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹی 20میچ میں بنگلادیش کے کپتان محموداللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے ٹیم میں 71 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، تمیم اقبال 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے بلے باز لٹن داس بھی 12 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نعیم 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔

کپتان محمد اللہ نے عفیف حسین کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن عفیف کو حارث رؤف نے بولڈ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا پہلا شکار کیا۔ سومیا سرکار 7 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے، کپتان محمد اللہ 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔