لاڑکانہ، سگ گزیدگی کے 45 سے زائد متاثرین کو ویکسین نہ مل سکی

116

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کمشنر آفس میں قائم اینٹی ربیز سینٹر میں سگ گزیدگی کی ویکسین نہ ملنے کے باعث لاڑکانہ شہر اور گردونواح سے آئے ہوئے 45 سے زائد متاثرین کو ویکسین نہ مل سکی، متاثرین اپنے ورثا کے ہمراہ کئی گھنٹوں تک سینٹر کے باہر انتظار کرتے ہوئے نظر آئے۔ گزشتہ روز لاڑکانہ شہر گورنمنٹ پائلٹ اسکول میں کھیلنے کے دوران آٹھویں جماعت کے طالبعلم فرمان عمرانی، بھینس کالونی کے رہائشی 7 سالا زوہیب جاگیرانی، سی ایم سی اسٹا کالونی کے رہائشی 4 سالا شبیر گوپانگ، درویش واہن کی خاتون افروز بیگم، گاؤں دودو سنہڑی کی رہائشی 6 سالا بچی ہیر شیخ، گاؤں سفر جتوئی کے رہائشی 12 سالہ ظفر علی جتوئی، ذوالفقار ابڑو، عجیب چانڈیو سمیت 45 سے زائد مرد، خواتین اور بچوں کو آوارہ کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا، جنہیں ورثا نے ویکسین دینے کے لیے کمشنر آفس میں قائم اینٹی ربیز سینٹر میں لایا گیا، تاہم کئی گھنٹے انتظار کرنے کے بعد چند ہی متاثرین کو ویکسین دے کر دیگر متاثرین کو ویکسین فراہم نہیں کی گئی۔ اس موقع پر متاثرین کے ورثا نے بتایا کہ ہم دو دراز علاقوں سے آئے ہوئے ہیں لیکن یہاں ہمارے پیاروں کو سگ گزیدگی کی ویکسین نہیں دی جارہی، جس کے باعث مریضوں کی حالت تشویش ناک ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سگ گزیدگی کی ویکسین فراہم کرکے متاثرین کی زندگیاں بچائی جائیں۔