ملک مینجمنٹ کے بہت بڑے بحران کی لپیٹ میں ہے، جاوید ہاشمی

166

جہانیاں (آن لائن) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک مینجمنٹ کے بہت بڑے بحران کی لپیٹ میں آچکا ہے، عمران خان حکومت چلانے کے اہل نہیں ہیں ، انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے، جب جہاز ڈوبنے لگتا ہے تو چوہے جہاز چھوڑنا
شروع کردیتے ہیں ،حکومت کا بحری جہاز بھی ڈوب رہا ہے جب ڈوبنے کے قریب ہوگا ،شیخ رشید سب سے پہلے مستعفی ہوگا،پی ٹی آئی کے مرکزی وزیر اپنی پنجاب کی صوبائی حکومت کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں،فارورڈ بلاک بلانے والوں کو اگر پالیسیوں سے اختلاف ہے تو مستعفی ہوجانا چاہیے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کا بحران واضح ہو چکا ہے ہر وزیر ایک دوسرے سے جنگ کررہا ہے، مینجمنٹ کے بحران سے ایک خوف کی فضا پورے ملک میں پھیل گئی ہے کسی کی گرفت نہیں ہے،ہر ٹیم کا ایک کپتان ہوتا ہے،حکومتی کی اس ٹیم کے سب کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی کررہے ہیں۔ ایک دوسرے کو برا بھلا کہہ رہے ہیں،پہلے بھی حکومتیں ایک دوسرے کے خلاف ہوتی رہی ہیں لیکن تبدیلی لانے والی ایک حکومت کے اراکین کا ایک دوسرے کے خلاف پریس کانفرنس کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ایسا بحران کبھی ملک میں نہیں آیا ہے،پارلیمنٹ اور کابینہ میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ ٹن گندم منگوانا کسانوں کے خلاف سازش ہے،گندم مارچ میں آئے گی ،یہ پیسہ کمانے کا بہانہ اور کھلم کھلا کرپشن ہے جس پر کیس بننا چاہیے۔