نوشہرہ: عوض نور کیساتھ زیادتی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پرویز خٹک

179

نوشہرہ (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ زیارت کاکا صاحب میں معصو م عوض نور کے ساتھ ہونے والے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، درحقیقت یہ انسانیت کی تذلیل ہے، سوگوار خاندان کے ساتھ ہر ممکن مدد کریں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے، وفاقی حکومت سوگوار خاندان کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیںچھوڑے گی، آج سیاسی بات نہیں کرتا بلکہ اتنا کہتا ہوں کہ حکومت اپنی آئینی مدت ضرور پوری کرے گی، فروری اور مارچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیارت کاکا صاحب میں عوض نور کے والد اسد جہان اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، معصو م عوض نور کے ساتھ جن درندہ صفت انسانوں نے یہ سلوک کیا ان کو سخت سزا ملنی چاہیے، پولیس کو ہدایت کردی ہے کہ اس مقدمے کی تفتیش میں کوئی کسر نہ چھوڑیں تاکہ ملزمان سزا سے نہ بچ سکیں، اعلیٰ عدلیہ سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ اس مقدمے کی فوری سماعت ماڈل عدالت کے ذریعے کرائی جائے تاکہ سوگوار خاندان کو سکون ملے اور انصاف تک رسائی میں آسانی پیدا ہو، معصوم بچوں کے ساتھ ہونے والے ظلم اور زیادتی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔