بلاول کی پی ایس ایف کے وفد اور علی مردان شاہ کے اہلخانہ سے ملاقات

490
عمر کوٹ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری علی مردان شاہ کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعددعائے مغفرت کررہے ہیں

کراچی،عمرکو ٹ(اسٹاف رپورٹر+سلمان خان) سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداروں کی چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری سے ملاقات، ملاقات بلاول ہائوس کراچی میں ہوئی، جس میں سندھ پیپلز اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے صوبائی صدر منصور شہانی، جنرل سیکرٹری لالا مراداور صوبائی انفارمیشن سیکرٹری شہریار بھگت موجود تھے،بلاول سے ملاقات کے دوران پی ایس ایف کے عہدیداروں نے آرگنائزیشن اور طلبہ کے مسائل پر بات چیت کی، طلبہ یونینز کی طاقت اور اہمیت پر زور دیا گیا، ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منصور شہانی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تعلیمی اداروں سے ہی جمہوریت اور جمہوری اقدار و روایات کی جڑیں پھوٹتی اور پروان چڑھتی ہیں ، طلبہ کو تعلیمی اداروں میں یونین سازی کا حق دلانے پر بلاول کے شکر گزار ہیں ، طلبہ یونین کی بحالی سے ملک میں جمہوری کلچر کو فروغ ملے گا، طلبہ یونینز جمہوریت کی نرسریاں ہیں ۔علاوہ ازیںبلاول زرداری نے بدھ کوگاؤں کھاروڑو سید عمرکوٹ میں سابق صوبائی وزیر اور ایم پی اے سید حاجی علی مردان شاہ کی وفات پرا ن کے بھائی اور ضلع کونسل چیئرمین ڈاکٹر سید نور علی شاہ ، فرزند ضلع کونسل رکن سید امیر علی شاہ اور صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ سے تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ علی مردان شاہ کی اچانک وفات پر بہت دکھ ہوا ،وہ پارٹی کے بہت سینئررہنما اور سرمایہ تھے ،ان کو ایک شفیق اور غریبوں کے ساتھ حسن سلوک کی وجہ سے ضلع میں اہمیت اور بلند مقام حاصل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وفات پاکستان پیپلزپارٹی اور سیاست میں ایک بہت بڑا نقصان ہے ۔