ملک میں ظلم کی حکومت ہے،مزید نہیں چل سکتی،شہباز شریف

150

لندن (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی جبکہ نالائق حکومت جاری رہی تو خدانخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو جائے گا۔ صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے آٹا بحران اور مہنگائی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مزدور سے روزگار تو پہلے ہی چھن چکا ہے، اب اس کے بچوں کا نوالہ بھی چھین لیاگیا ہے، یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی، نالائق حکومت جاری رہی تو خدانخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو جائے گا، ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان کی فکر ہے، نالائق ٹولے سے جس قدر جلد نجات ہوگی، پاکستان کے قومی، عوامی مفادات کے لیے اچھا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام دشمن ایجنڈے پر کاربند ٹولے سے ملک و قوم کو آزادی دلانے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے جبکہ تکبر، ضد اور حماقتوں نے ملک کے ہر شعبے کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پابندی کے باوجود25 جولائی سے اکتوبر 2019 ء کو 48000 میٹرک ٹن گندم کیسے برآمد کی گئی اور ایک ارب 83 کروڑ روپے کس کی جیب میں گئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر پارٹی کے قائدین کو ذمے داری دی ہے کہ وہ تمام سیاسی قائدین اور جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان سے رابطہ کرکے ٹھوس حکمت عملی وضع کریں، ہم عوام کو نالائق ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، گندم پر مال کس کس نے کھایا، ایک ایک پائی کا قوم کو حساب دینا ہوگا۔
شہبازشریف