نوابشاہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی اسٹوڈنٹس ایجوکیشنل ایکسپو

213

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے آڈیٹوریم حال میں اسٹوڈنٹس ایجوکیشنل ایکسپو کا انعقاد کیا گیا، جس میں سائنس اینڈ آرٹس ایگزیبیشن، تقریری مقابلے، نیلام گھر اور موٹیویشنل ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملت ہائی اسکول، ایگل پبلک اسکول، کیریئر پوائنٹ گرائمر اسکول و دیگر نے حصہ لیا، تقریری مقابلے میں طارق راجپر نے پہلا انعام حاصل کیا، سائنسی نمائش میں کیریئر پوائنٹ گرائمر اسکول جبکہ اسکیچ مقابلے میں ایگل پبلک اسکول نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ موٹیویشنل ورکشاپ میں موٹیویٹر انجینئر یاسر آرائیں نے کیریئر کونسلنگ پر لیکچر دیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین ٹائون کمیٹی سکرنڈ سید منیر احمد شاہ، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ سندھ اسد علی قریشی اور جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ کے امیر سرور احمد قریشی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان کا کہنا تھا کہ طلبہ کی اصلاح کی سرگرمیاں طلبہ کے لیے مؤثر ثابت ہوتی ہیں اور اس طرح کی تعلیم دوست سرگرمیاں اسلامی جمعیت طلبہ کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ چیئرمین ٹائون کمیٹی سکرنڈ سید منیر شاہ نے جمعیت کی اس سرگرمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ اس طرح کی سرگرمی ہم ٹائون کی سطح پر کرائیں۔ ایجوکیشنل ایکسپوز میں نیلام گھر کے دوران حال میں بیٹھے طلبہ سے سوالات کیے گئے اور جوابات دینے والوں کو انعامات دیے گئے۔ اس سرگرمی کو طلبہ نے بہت سراہا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں وقتاً فوقتاً ہوتی رہنا چاہیں، جن سے طلبہ کو معلومات حاصل ہوتی ہے۔