لاڑکانہ ،میونسپل کارپوریشن کا اجلاس،پیپلزپارٹی کے مخالف اراکین کابائیکاٹ

142

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کا اجلاس میئر خیر محمد شیخ کی زیر صدارت بیگم نصرت بھٹو ہال میں ہوا۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی مخالف ممبران طارق محمود الحسن سومرو، اویس عباسی اور گدا حسین ابڑو و دیگر نے اجلاس کا بائیکاٹ کرکے ہال سے باہر نکل گئے جنہیں منانے کے لیے پیپلز پارٹی کے ممبران ڈپٹی میئر انور علی نواز لْہر، ڈاکٹر دھرم پال، محمد نواز تونیو و دیگر نے مذاکرات کرکے انہیں منالیا جنہوں نے میئر خیر محمد شیخ سے ملاقات کرکے انہیں شکایت کی کہ ترقیاتی کام بھی نہیں ہورہے جبکہ صفائی کے بھی ناقص انتظامات ہیں، بلدیاتی نظام کو رائج ہونے کو چار سال مکمل ہوئے تاہم مسائل جوں کے توں ہیں جس پر میئر نے انہیں ایک ہفتے کی مہلت طلب کرکے مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔بعد ازاں مخالف ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر میونسپل کارپوریشن میں افسران کو جلداز جلد تعینات کرنے، تمام 20 یونین کمیٹیز میں دو چیف سینیٹری، 20 سینیٹری انسپکٹر، 30 سینیٹری انچارج، 30 ٹریکٹر اور چنگ چی ڈرائیور اور 20 کلینر بھرتی کرنے، خراب مشینری کی مرمت، شہر کے اندر خراب فووارے ٹھیک کروانے سمیت جاری ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے متعلق قراردادیں منظور کی گئیں۔