اسلام آباد (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایشیاعالمی سیاست میں اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے،نئے علاقائی اور عالمی حالات ہماری خارجہ پالیسی کے لیے نئے چیلنجز لارہے ہیں، اس تناظر میں پاکستانی سفارتکاروں پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ کی بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو وزارتِ خارجہ میں 39 ویں اسپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں بہر صورت پاکستان کے
مفادات کا تحفظ کرنا ہے،تیزی سے بدلتے منظر نامے میں پاکستان کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، ایک متحرک خارجہ پالیسی کو اپنا کر ہم ان مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں اور چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو روایتی سفارت کاری کے علاوہ مناظرے اور سوشل میڈیا پر دسترس حاصل کرنا ہوگی تاکہ آپ ہر وقت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔