کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہوائی فائرنگ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے دو بھائی قانون کے شکنجے میں آگئے ، پولیس نے دونوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ہوائی فائرنگ اور مبینہ طور پر سرکاری ایس ایم جی کے استعمال کے واقعہ پر سختی سے نوٹس لے لیا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر با اثر افراد کی تقریب میں قانون کی کھلے عام خلاف ورزی ہوتی رہی جب کہ پولیس کی بھاری نفری سال گرہ پر سیکیورٹی انجام دیتی رہی، فائرنگ اور تقریب کی ویڈیومنظرعام پرآگئی ہے۔ایس ایس پی ملیر علی رضا کے مطابق ابراہیم حیدری تھانے کی حدود بھٹائی کالونی میں ہوائی فائرنگ میں ملوث دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ذیشان ابڑو اور فیصل ابڑو نے ہوائی فائرنگ کی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ایس ایچ اوز فائرنگ کے وقت تقریب میں موجود نہیں تھے، ان کے جانے کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق سال گرہ تقریب میں با اثر افراد کا باری باری ہوائی فائرنگ کا مقابلہ چلتا رہا، جب کہ پولیس کی بھاری نفری سیکیورٹی پر مامور رہی، تقریب میں کئی افراد شدید ہوائی فائرنگ کرتے رہے، کبھی ریڈی اسٹیڈی گو تو کبھی ون ٹو تھری کے بعد فائرنگ ہوتی رہی، فائرنگ میں مبینہ طور پر سرکاری ایس ایم جی بھی استعمال کی گئی، تقریب میں پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی راجا اظہر بھی موجود تھے۔
دریں اثناایس ایچ او عاصم الرحمن سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہاکہ وہ سال گرہ کی تقریب میں موجود تھے، لیکن ان کی موجودگی میں فائرنگ نہیں کی گئی، ان کے جانے کے بعد کی گئی ۔ ایس ایچ او نے کہا کہ علاقہ ایم پی اے اور ایم این اے بھی دعوت میں موجود تھے، وہ ہر مہینے تقریب منعقد کرتے ہیں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ہوائی فائرنگ اور مبینہ طور پر سرکاری ایس ایم جی کے استعمال کے واقعہ پرایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کرلیں۔قانون شکنی کسی بھی طور ناقابلِ برداشت ہے ۔واقعہ پر پولیس تحقیقات اور پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا جائے ۔تمام تر محکمانہ اور قانونی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔