ڈیفنس سی ویو سمند میںکار گرنے سے جاںبحق 2افراد کی نما ز جنازہ ادا کردی گئی ،

854

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے ساحل سی ویو کے قریب گاڑی سمندر میں گرنے سے جاں بحق ہونے والے نوجوان دانیال کی نماز جنازہ پیرکی صبح پنجاب کالونی میں ادا کر دی گئی،نمازجنازہ میں اہل خانہ سمیت علاقہ مکینوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی بعدازاںدانیال کوچانڈیو ولیج قبرستان فیز6 میں سپردخاک کردیاگیا،جبکہ ڈوبنے والے دوسرے شخص افتخار کی میت راولپنڈی منتقل کر دی گئی ہے۔

کار سمیت سمندر میں ڈوبنے والے نوجوان دانیال کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ نوجوان کے اہل خانہ کے مطابق متوفی گیارہویں جماعت کا طالب علم تھا۔جبکہ متوفی افتخارچاربچوں کاباپ اور اخترکالونی کارہائشی تھا، افتخار پوسٹ آفس میں ملازم تھا،واقع افتخارکے گاڑی سیکھنے کے دوران پیش آیا،اہل خانہ نے بتایا کہ دانیال صبح سابقہ پڑوسی افتخار کے ہمراہ سی ویو گیا تھا،

دانیال والد کے ہمراہ شیٹ بورڈ کا کام کرتا تھا، حادثے کے وقت گاڑی میں کون کون موجود تھا اس کا علم نہیں۔متوفی افتخارکا تعلق راولپنڈی سے تھا، ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ متوفی افتخار کے گاڑی سیکھنے کے دوران پیش آیا تھا، وہ اپنے دوست دانیال سے گاڑی چلانا سیکھ رہا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سفید رنگ کی گاڑی بے قابو ہو کر سی ویو کے قریب سمندر میں جا گری تھی، گاڑی میں دو افراد سوار تھے۔