عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ محمدؐ کی شفاعت کا ذریعہ ہے، مولانا اللہ وسایا

1086

لاہور (جسارت نیوز ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام ختم نبوت سوشل میڈیا ورکشاپ مرکز ختم نبوت میں ہوئی ۔جس میں مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما شاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا، معروف مصنف محمدمتین خالد، مولانا عزیز الرحمن ثانی ، مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم، میڈیا اینکرپرسن رانا محمدحسن، مولانا علیم الدین شاکر، قاری جمیل الرحمن اختر، میاں محمدرضوان نفیس، حافظ محمد اشرف گجر ، مفتی محمدعثمان، قاضی عبدالودود ، مولانا عبدالرحمن سمیت بڑی تعداد میں سوشل میڈیا اکٹیوسٹ نے شرکت کی۔ مولانا اللہ وسایا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ آپ ﷺ کی شفاعت اور قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، قادیانی سوشل میڈیا پر مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی ناپاک کوشش کررہے ہیں ہم سب کو دیگر میدانوں کی طرح سوشل میڈیا پر بھی تحفظ ختم نبوت کاکام اور فتنہ قادیانیت کا تعاقب کرنا ہوگا ۔ محمد متین خالد نے کہا ختم نبوت کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے جدید ذرائع استعمال کرنے ہوںگے قادیانی سوشل میڈیا پر مسلمانوں کو گمراہ کر نے کے لیے مختلف حربے استعما ل کررہے جنکا تدارک کرنا ہم سب کی ذمے داری ہے،میڈیا اینکر پرسن رانا محمدحسن نے ملٹی میڈیا پرو جیکٹرکے ذریعہ پریزنٹیشن دی ۔مولانا عزیز الرحمن نے کہا کہ امت مسلمہ نے کسی بھی دور میں جھوٹے مدعی نبوت کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ مجاہدین ختم نبوت نے قادیانیوںکو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کیا۔مولانا عبدالنعیم نے کہا کہ قادیانی ہر جگہ پر ملکی امیج کو خراب کرنے کے لیے اپنے مذموم حربے اپنے بیرونی آقائوں کے کہنے اور انکے گٹھ جوڑ سے استعمال کرتے رہتے ہیں اور ملک عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے کوئی موقعہ اپنے ہاتھ سے خالی نہیں جانے دیتے۔ قادیانیوں کی چالبازیوں اور ان کے مکر و فریب سے بچنا تمام مسلمانوں کے لیے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت قانون اور امتناع قادیانیت آرڈینینس کے خلاف سازشیں کرنے والوںکا بھرپور انداز میں مقابلہ کیا جائے گا۔