ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر نے کہا ہے کہ ضلع میں موجود پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں کی مرمت، تزئین و آرائش اور بحالی پر 69.450 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے تاکہ اسکولوں کی عمارتوں کی حالت بہتر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 25 پرائمری اور آرمی پبلک اسکول سمیت 20 مڈل و سیکنڈری اسکولوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں کی عمارات کی مرمت اور بحالی کے کاموں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور حکمت عملی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم، ایجوکیشن ورکس، پلاننگ اور ڈیولپمنٹ، خزانہ اور انفارمیشن کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں موجود اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت، تزئین و آرائش اور بحالی کے متعلق اپنی تجاویز جلد پیش کریں تاکہ ان کی مرمت اور بحالی کے کام کو حتمی شکل دی جاسکے۔ انہوں نے محکمہ ایجوکیشن ورکس کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں اسکولوں کی عمارتوں کا سروے کرکے آئندہ ہفتے ایک رپورٹ پیش کریں تاکہ اسکولوں کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کی منظوری کے بعد جلد سے جلد ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے اور تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے ساتھ طلبہ کو بہتر ماحول میں تعلیم فراہم کی جاسکے۔