پشاور میں 10سال بعد بین الاقوامی مقابلے بحال ہونگے

209

اسلام آباد (جسارت نیوز) پشاور میں 10سال بعد بین الاقوامی مقابلے بحال کرنے کیلئے پاکستان اسکواش فیڈریشن اور خیبر پختونخوا حکومت نے تیاریاں زور شور سے شروع کردی ہیں ، پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) کے2 ایونٹس کھیلے جائیں گے ۔ اتوار کو سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا کہ فیڈریشن نے پشاور میں پی ایس اے کے2 ایونٹس کرانے کیلئے پروفیشنل اسکواش ایسوی ایشن کو مراسلہ بجھوایا ہے، امیدہے عالمی مقابلوں کی جلد منظوری دی جائے گی، اس حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت اور فیڈریشن نے پشاور میں ایونٹس کرانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ پشاور 20ہزار اور 5ہزار ڈالر کے2 ایونٹس مارچ اور اکتوبر میں کھیلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں قومی جونیئر کھلاڑی حمزہ خان نے برٹش اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی، انہیں آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ا سکواش کے سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، ان کی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کیلئے سخت تربیت کے ساتھ ساتھ کھیل میں گہری دلچسپی کی بھی ضرورت ہے۔ قمر زمان نے کہا کہ ملک سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پشاور، اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں اسکواش کی اکیڈمیاں قائم کی گئی ہیں جہاں جونیئر کھلاڑیوں کو سابق نامور کھلاڑی جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ چند سال میں ان اکیڈمیوں سے باصلاحیت کھلاڑی نکلیں گے اور ماضی کی طرح پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر ا سکواش کی حکمرانی بحال ہو جائے گی۔ پشاور میں جان شیر خان اور وہ خود اکیڈمی میں جونیئر کھلاڑیوں کو ٹپس دے رہے ہیں اور یہاں پر ہر سال 20 سے 22 قومی ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے ۔